پناما سٹی//ایجنسی //نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی (این سی ایس) کے مطابق، منگل کے ابتدائی گھنٹوں میں پناما میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں، این سی ایس نے بتایا کہ پناما میں 6.1 شدت کا زلزلے ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ بھارتی وقت کے مطابق صبح 4:50 بجے آیا۔ اس زلزلے کا مرکز زیر زمین 10 کلومیٹر تھا۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق، اس کا مرکز 7.683 شمالی عرض بلد اور 81.405 مغربی طول بلد پر واقع تھا۔پناما میں اس سے قبل جمعہ کی رات کو 7.7 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق، ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے ڈائریکٹر رینے گارسیا نے سی این این کو بتایا کہ اس زلزلے کے بعد 147 آفٹر شاکس (زلزلے کے بعد کے جھٹکے) آئے، جن میں سے کچھ کی شدت 6.1 اور 6.6 تک پہنچ گئی تھی۔ اس سے قبل سنیچر کے روز وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے 9 اکتوبر کو آنے والے زلزلے کے بعد پناما کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اس آفت سے زخمی اور متاثر ہونے والے افراد کے لیے دعا کی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں جے شنکر نے کہا کہ بھارت زلزلے کے بعد پناما کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہماری دلی ہمدردیاں اور دعائیں تمام زخمیوں اور متاثرین، بالخصوص ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے نقصان اور مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ بھارت زلزلے کے بعد پناما کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔پناما میں امریکی سفارت خانے نے وسطی اور جنوبی امریکہ کے نو ممالک میں زلزلے کے بعد کے ممکنہ جھٹکوں اور سونامی کے خطرات سے متعلق بھی متنبہ کیا تھا۔

