نئی دہلی//۔ایجنسی //مرکزی وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے آج نئی دہلی میں جمہوریہ چیک کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر صنعت و تجارت جناب کیرل ہیولیچک کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی۔ اس بات چیت کے دوران، دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی صنعتی تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ جہاں دونوں فریقین نے جاری تعاون اور مختلف مشترکہ منصوبوں کے کامیاب قیام کا خیرمقدم کیا، وہیں انہوں نے ’میک ان انڈیا‘ اور ’ آتم نربھر بھارت‘ کو فروغ دینے کے لیے ’بشمول ‘انڈیا-چیک جوائنٹ ڈیفنس کمیٹی‘ کے تحت اس تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماؤں نے امن و سلامتی کے موجودہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور علاقائی استحکام برقرار رکھنے کے لیے مزید تعاون کی ضرورت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بھارت اور جمہوریہ چیک کے درمیان شراکت داری تاریخی و ثقافتی روابط اور باہمی اعتماد و احترام کی مشترکہ اقدار پر مبنی ہے۔جناب کیرل ہیولیچک بھارت کے چار روزہ دورے پر ہیں اور مختلف وزارتوں، تجارتی اداروں اور کاروباری حلقوں سے بات چیت کر رہے ہیں۔ اپنے قیام کے دوران، وہ بنگلورو اور ممبئی میں مختلف صنعتوں کا دورہ بھی کریں گے۔




